ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل گڈلک روڈ پر واقع مکان میں گھس کر بندر نے عمررسیدہ خاتون پر کیا حملہ؛ عورت کے چہرے اور ہاتھ پرآئے زخم

بھٹکل گڈلک روڈ پر واقع مکان میں گھس کر بندر نے عمررسیدہ خاتون پر کیا حملہ؛ عورت کے چہرے اور ہاتھ پرآئے زخم

Thu, 03 Mar 2022 18:06:15    S.O. News Service

بھٹکل 3 مارچ (ایس او نیوز) تعلقہ کے گڈلک روڈ پر ایک عمر رسیدہ خاتون پر حملہ کرنے کے نتیجے میں  خاتون کے ہاتھ اور  چہرے  کو گہری چوٹ آئی ہے۔ واردات جمعرات شام  کو پیش آئی۔

98 سالہ بی بی آمنہ اپنے گھر کے برآمدے میں بیٹھی تھی کہ اچانک ایک بندر  نے اس پر حملہ کردیا۔  خاتون کے چہرے پر بندر نے پنجہ مارا ہے، جبکہ ہاتھ کو کاٹ دیا ہے۔ خاتون کے فرزند ابوبکر نے بتایا کہ  چونکہ اس کی ماں کافی  ضعیف ہے،  علاج کے لئے  اسپتال جانے کے لئے تیار نہیں  ہوئی ، اس لئے ہم نے پرائیویٹ ڈاکٹر کو ہی گھر پر بلاکر اس کی مرہم پٹی کرائی ہے۔

ابوبکرنے بتایا کہ گذشتہ دو تین ماہ سے  ایک بندر مسلسل اس علاقہ کے لوگوں کو تنگ وہراساں کررہا ہے، ہم نے کئی بار محکمہ فوریسٹ سے شکایت کی مگر بندر کے کرتوت جاری ہے۔ ابوبکر کے مطابق یہ بندر پاس پڑوس کے مکانوں میں بھی گھس کرکئی  لوگوں کو کاٹ چکا ہے۔

جالی پٹن پنچایت  حدود میں آنے والے اس علاقہ کے کونسلر مصباح الحق نے بتایا کہ  دو تین ماہ سے ایک بندر یہاں کے مکنیوں کو پریشان کررہا ہے۔ انہوں نے خود کئی بار محکمہ جنگلات کو واقعے کی جانکاری دی ہے، ان  کے مطابق  گذشتہ ماہ جالی پٹن پنچایت کی طرف سے  ایک تحریری شکایت بھی محکمہ جنگلات کو دی جاچکی ہے، مگر بندر کو پکڑا نہیں جاسکا ہے۔ مصباح الحق کے مطابق ہندو کالونی،     کارگیدے اور گڈلک روڈ  میں  گذشتہ ایک ماہ کے اندر بندر کے حملے میں  اب تک 14 لوگوں کو چوٹیں آئی ہیں۔ انہوں نے فوریسٹ آفسران سے درخواست کی کہ اس بندر کو  پکڑکر لے جانے  کے تعلق سے فوری طور پر کاروائی کی جائے اور مزید عوام کو اس بندر کے حملے سے محفوظ رکھنے کی کوشش کی جائے۔


Share: